اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) 16 اکتوبر سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
16 اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 97 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے سمری اوگرا کو بھجوا دی گئی ہے ،اوگرا آج شام پٹرولیم مصنوعات میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارت خزانہ کو ارسال کرے گی۔ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کل قیمتوں میں ردوبدل کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
یاد رہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر 45 سینٹ کی کمی کے بعد فی بیرل قیمت 65 ڈالر 35 سینٹ سے گھٹ کر 62 ڈالر 77 سینٹ ہو گئی، جس سے قیمت میں 3.76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 2 ڈالر 56 سینٹ کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی بیرل قیمت 61 ڈالر 78 سینٹ سے کم ہو کر 58 ڈالر 95 سینٹ رہ گئی۔












