اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار۔۔۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا۔۔۔ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں مزید مہنگے ہو گئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 63 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 81 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی ایک روپے 55 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 388 روپے 38 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ضروری آسامیوں اور عہدوں کا خاتمہ اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے،وزیراعظم
نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں، زرعی لاگت اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مہنگائی سے پریشان عوام پر مالی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ شہری حکومت سے قیمتوں میں استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔












