لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ ،ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ سیریز کے لئے میچ آفیشلز کا اعلان ہو گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )کے مطابق رنجن مدوگالے کو سیریز کیلئے میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے راڈنی ٹکر اور کرسٹوفر براؤن آن فیلڈ امپائرنگ کریں گے جو 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دوسر ے ٹیسٹ میچ میں کرسٹوفر براؤن اور سائقَت شرف الدولہ آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 20 سے 24 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے اور دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں محمد آصف یعقوب اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز ہوں گے جبکہ تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں راشد ریاض اور فیصل خان آفریدی آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے۔
پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سائقَت شرف الدولہ اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرنگ کریں گے، دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ایلکس وارف اور احسن رضا آن فیلڈ امپائرزمقرر کئے گئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ میں سائقَت شرف الدولہ اور فیصل خان آفریدی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچ فیصل آباد اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔












