اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی سمت درست اور ملکی ترقی کا سفر تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخ ساز بلندی کے نئے ریکارڈز قائم ہونے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بازار حصص کا تاریخی سطح عبور کرنا، کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی ترقی کا سفر معاشی ٹیم کی محنت کی وجہ سے جاری و ساری ہے۔ حال ہی میں چین کے نجی شعبے کے ساتھ پاکستان کی نجی کمپنیوں کے اربوں ڈالر کے معاہدے و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے سے صنعتیں لگیں گی، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ ملکی معاشی سمت کی بہتری اور ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے معاشی ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔












