لاہور( پاک ترک نیوز) اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی چھپانا آسان نہیں رہے گا۔۔۔ نہ بحث چلے گی، نہ انکار کام آئے گا۔۔۔ کیونکہ پنجاب میں ٹریفک چالان کا نظام مکمل طور پر بدل گیا ہے۔ اب ہر چالان صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں، بلکہ ویڈیو اور تصویری ثبوت کے ساتھ آپ کے موبائل تک پہنچے گا۔
پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام نافذ کر دیا ہے۔ اب ٹریفک قوانین کی ہر خلاف ورزی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ریکارڈ ہوگی اور ثبوت کے ساتھ شہریوں کو بھیجی جائے گی۔ مقصد صرف جرمانہ کرنا نہیں بلکہ چالاننگ کے نظام کو شفاف، منصفانہ اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں شہری کو 8070 سے ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ایک خصوصی لنک موجود ہوگا۔ اس لنک پر کلک کرتے ہی شہری اپنی خلاف ورزی کی مکمل ویڈیو اور تصاویر دیکھ سکے گا۔ یعنی اب چالان کے ساتھ ثبوت بھی آپ کی اسکرین پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: خراب انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے پر کمپنی کو جرمانہ
نئے نظام کے تحت پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل چالان جاری کرے گی۔ اس جدید نظام کو وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بلاوجہ اعتراض یا غلط چالان کی شکایت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ شواہد پر مبنی چالاننگ سے شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں کے درمیان غیر ضروری بحث و تکرار میں واضح کمی آئے گی۔ وقت کی بچت ہوگی، شفافیت بڑھے گی اور جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی بھی مضبوط ثبوتوں کی بنیاد پر کی جا سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک پولیس کی عوام دوست خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اس نظام سے نہ صرف قانون پر عملدرآمد بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کا اعتماد بھی بڑھے گا، کیونکہ ہر کارروائی دستاویزی اور قابلِ تصدیق ہوگی۔
اب صرف یہ کہنا کافی نہیں ہوگا کہ "میں نے قانون نہیں توڑا”۔۔۔ کیونکہ اگر خلاف ورزی ہوئی تو اس کا ثبوت بھی ہوگا، ویڈیو بھی ہوگی اور تصویر بھی۔۔۔ پنجاب میں ٹریفک چالان کا نیا نظام شہریوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ سڑک پر احتیاط ہی سب سے بڑی بچت ہے، کیونکہ اب ہر خلاف ورزی کی نظر جدید ٹیکنالوجی پر ہے۔









