کراچی ( پاک ترک نیوز) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار آٹھ سو کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کرلی۔پاک بحریہ کے مطابق کارروائی سمندری سلامتی کے آپریشنز کے تحت پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے کی۔پاک بحریہ کے جہازوں نے بحیرہ عرب میں ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کو جولائی میں 3 ارب 83 کروڑ ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل
حکام کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں دو کھرب روپے سے زائد بنتی ہے۔کارروائی کی کامیابی پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے دونوں بحری جہازوں کے افسران اور عملے کو سراہا۔پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سمندر میں منشیات کی اسمگلنگ سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے بحریہ ہمہ وقت تیار ہے۔












