کراچی(پاک ترک نیوز) جمعیت علمائے اسلام سندھ نے 22 نومبر کو صوبے بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔ سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج کیا جائے گا۔
امیر جے یو آئی سندھ مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کے مطابق احتجاج مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ڈرون فوٹیجز بنانے اور کردار کشی کے خلاف کیا جائے گا، جبکہ سندھ کی تقسیم کے خلاف بھی مظاہرے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مفتی اویس عزیز، قاری افتخار احمد اور دیگر کارکنوں کی گرفتاریوں، جے یو آئی عہدیداران کو مختلف اداروں کی جانب سے مبینہ غیرقانونی نوٹسز، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔
مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آئینی اور قانونی حق کے تحت پرامن احتجاج میں شریک ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سرکاری آئل لائن سے کروڈ آئل چوری کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، 5 ملزمان گرفتار
دوسری جانب جے یو آئی سندھ نے 30 نومبر کو لاڑکانہ میں شہید اسلام کانفرنس منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کانفرنس شام 4 بجے ہوگی، جس میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کارکنان شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ان کا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔












