کراچی (پاک ترک نیوز )ورلڈ بینک نے سندھ میں بلدیاتی سہولیات بہتر بنانے اور پراپرٹی ٹیکس وصولی کا نظام مؤثر بنانے کے لیے 15 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی۔
ورلڈ بینک کے اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت کراچی میں سالانہ پراپرٹی ٹیکس وصولی 85 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس ادائیگی کی شرح 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک لائی جائے گی۔
پروگرام سے کراچی کی 25 بلدیاتی کونسلز کے 35 لاکھ 80 ہزار شہری مستفید ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے پراپرٹی ٹیکس وصولی کا جدید ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 70 فیصد بلدیاتی سہولیات کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔ ان سہولیات میں نکاسی آب، سیوریج، اسکولوں، سڑکوں کی بحالی، فائر اسٹیشنز اور اسٹریٹ لائٹس کی بہتری شامل ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق سندھ کی بلدیاتی کونسلز کی 95 فیصد سے زائد آمدن صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت پر منحصر ہے۔
پروگرام کے تحت سندھ کے دیگر شہروں کی 20 بلدیاتی کونسلز میں بھی پراپرٹی سروے کیا جائے گا، جس سے شہری علاقوں کے 45 لاکھ افراد بالواسطہ مستفید ہوں گے۔
دیگر شہری مراکز میں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 4 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی کونسلز کو فنڈز سالانہ کارکردگی کے جائزے کے بعد فراہم کیے جائیں گے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بلدیاتی ڈھانچے کی بحالی بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔












