غزہ (پاک ترک نیوز )غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائیوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم سات فلسطینی شہید ہوگئے، شہدا میں باپ اور اس کا 13 سالہ بیٹا بھی شامل ہے، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کے عارضی پناہ گاہ کی چھت پر اسرائیلی فضائی حملے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔
غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب فضائی حملے میں ایک فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔غزہ شہر کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے پر فضائی حملے کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی جاں بحق ہوئے، یوں منگل کے روز غزہ میں شہادتوں کی تعداد کم از کم سات ہوگئی۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی معتز ایاد دغلس بھی شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق واقعہ نابلس کے شمال مغرب میں پیر کی رات پیش آیا۔فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے والے عملے کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسرائیلی فوج نے ایک زخمی تک رسائی روک دی جبکہ تین طبی رضاکاروں کو حراست میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کا مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اسد محمود کو دوسرا طلبی نوٹس
اسرائیلی فوج کے مطابق اہلکاروں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔ادھر اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران غزہ کا تباہ حال نکاسی آب کا نظام مزید خطرناک صورتحال اختیار کرسکتا ہے، جس کے باعث لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو سیلاب اور مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔












