اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 10.64 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، جبکہ صرف 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ڈیزل کی قیمت میں 7.29 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جبکہ پٹرول 6.40 فیصد مہنگا ہوا۔ ایل پی جی کی قیمت میں بھی 3.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق لہسن 1.94 فیصد اور انڈے 1.72 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ دال چنا، سادہ ڈبل روٹی اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران کیلے 6.17 فیصد، ٹماٹر 5.66 فیصد اور پیاز 4.57 فیصد سستے ہوئے۔ چکن کی قیمت میں بھی 2.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 117.77 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی 60.42 فیصد مہنگی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول مہنگا کرکے حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان
رپورٹ کے مطابق ایک سال میں ڈیزل 54.21 فیصد اور پٹرول 48 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ بجلی کی قیمت میں 33.54 فیصد اور گندم کے آٹے کی قیمت میں 33.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آلو 35.31 فیصد، چینی 20.95 فیصد، انڈے 19.31 فیصد اور چکن 15.26 فیصد سستے ہوئے۔












