مظفر آباد ( پاک ترک نیوز) آزاد کشمیر حکومت نے وادی نیلم کو مزید خوبصورت اور سیاح دوست بنانے کے لیے نئے تفریحی اور ماحولیاتی سیاحتی پارکس، تاریخی مقامات اور دیگر سیاحتی سہولیات قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔حکام کے مطابق یہ منصوبے حکومت کے سو روزہ تبدیلی پروگرام کا حصہ ہیں۔ محکمہ سیاحت، نوجوان اور ثقافت کے سیکریٹری انصار یعقوب نے کیرن، شاردہ، اڑنگ کیل اور وادی کے دیگر بالائی علاقوں کا دورہ کرکے مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔تقریباً ڈیڑھ سو کلومیٹر طویل وادی نیلم بلند پہاڑوں، دیودار کے جنگلات، برف پوش چوٹیوں، آبشاروں اور شفاف ندی نالوں کے باعث ملک بھر سے آنے والے لاکھوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روزانہ میٹھے مشروبات پینے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی
حکام کے مطابق وادی میں سیاحت سے وابستہ کاروبار نے نجی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا اور بڑی تعداد میں مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا، تاہم گزشتہ تین برس کے دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی، پاک بھارت فوجی تنازع اور امن و امان کی صورتحال کے باعث سیاحت کے شعبے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔سیکریٹری سیاحت نے سیاحت سے وابستہ افراد اور کاروباری طبقے کے گزشتہ نقصانات کے ازالے اور ان کے مسائل حل کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔












