اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری ہیمش فالکنر نے ملاقات کی ہے جس میں ں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، جاری اصلاحات اور مالیاتی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہناہے برطانوی وفد کو حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، وفاقی بجٹ حکومت کی معاشی ترجیحات اور اصلاحاتی سمت کا عکاس ہے،حکومت معاشی استحکام، اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کی۔پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ابتدا سے فعال کردار ادا کیا،امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت سے علاقائی استحکام کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا طویل علاقائی عدم استحکام اقتصادی اعتماد، توانائی کی منڈیوں اور سپلائی چین کو متاثر کرتا ہے،اقتصادی منصوبہ بندی میں بیرونی اور جغرافیائی سیاسی خطرات کو مدنظر رکھا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا اقتصادی تخمینوں میں علاقائی غیر یقینی صورتحال کے ممکنہ معاشی اثرات شامل کیے گئے، بہتر علاقائی صورتحال سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے لیے سازگار ثابت ہوگی،حکومت مالیاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہامحصولات میں بہتری، ٹیکس تعمیل اور لیکیجز کے خاتمہ کے لیے اقدامات جاری ہیں،ٹیکنالوجی، ڈیٹا انضمام اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے ٹیکس نظام جدید بنایا جا رہا ہے،اصلاحات کا مقصد صرف محصولات میں اضافہ نہیں بلکہ شفافیت اور اعتماد کا فروغ بھی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا حکومت صوابدیدی اختیارات میں کمی اور مؤثر طرزِ حکمرانی پر توجہ دے رہی ہے،نجکاری، رائٹ سائزنگ اور سرکاری اخراجات میں بہتری اصلاحاتی پروگرام کا حصہ ہیں، ڈیجیٹل گورننس اور ہدفی سماجی تحفظ کے نظام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔












