تہران ( پاک ترک نیوز) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے اوپر امریکی ساختہ ایم کیو 9 ڈرون مار گرایا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بتایا کہ ڈرون کو منگل کی صبح کارروائی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس کے زیرِ استعمال جدید فضائی دفاعی نظام نے ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو تباہ کیا۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اپنی عسکری صلاحیتوں میں ماضی کے مقابلے میں کم از کم ڈیڑھ گنا اضافے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ میں شدت آنے کی صورت میں ایسے نئے ہتھیار اور فوجی صلاحیتیں سامنے لائی جا سکتی ہیں جو مخالفین کے لیے غیر متوقع ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوں سے ستائی عوام کے لیے بری خبر، 2027میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محیبی کے مطابق فورس کی عسکری طاقت میں مقداری اور معیاری، دونوں سطحوں پر اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائلوں، بغیر پائلٹ طیاروں اور دیگر فوجی سازوسامان کی پیداوار نہ صرف مسلسل جاری رہی بلکہ اس میں مزید توسیع بھی کی گئی ہے۔












