لاہور(پاک ترک نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے کے دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب میں خوشحال دیہات ایکٹ 2026 متعارف کرانے اور ابتدائی طور پر 120 دیہات میں پائلٹ منصوبہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر گاؤں میں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ویلج کمیٹیاں تشکیل دینے کی منظوری دے دی اور کمیٹیوں کی فوری تشکیل کے لیے منصوبہ طلب کر لیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ویلج کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمشنر تمام کمیٹیوں اور منصوبے کی نگرانی کریں گے۔ ہر کمیٹی میں چار عوامی اور چار سرکاری نمائندے شامل ہوں گے۔ سرکاری نمائندوں میں ہیڈ ٹیچر، سیکریٹری یونین کونسل اور بنیادی مرکز صحت یا مریم نواز ہیلتھ کلینک کے ڈاکٹر سمیت دیگر متعلقہ افراد شامل ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت ہر گاؤں میں سیوریج اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے ساتھ پختہ گلیاں بھی تعمیر کی جائیں گی۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے تمام دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ترقی اب بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے ثمرات ہر گاؤں تک پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی ملکوں کی سائبر سیکورٹی قائم کر دی گئی
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہات کی ترقی کے منصوبوں میں مقامی لوگوں کی مشاورت شامل کی جائے گی اور معیار و شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر اپنے اپنے متعلقہ دیہات میں ترقیاتی منصوبوں کے نگران ہوں گے۔












