لاہور(پاک ترک نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، گندم کی کاشت، آٹے کی فراہمی اور رمضان المبارک کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرکے مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹا بیگ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹا اور گندم کی سمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی بوائی کا ہدف پورا کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم کاشت کی جائے گی۔
اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق 15 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا، جن میں 10 اشیا کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بیشتر اشیائے خوردونوش اور دالوں کے نرخ مستحکم رہے۔ قیمتوں کی مانیٹرنگ اور استحکام کے لیے پرائس ایپ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران کیلا، سیب اور کھجور کنٹرول نرخوں پر دستیاب بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ ہر ڈپٹی کمشنر کو اپنے علاقے میں ضرورت کے مطابق کولڈ اسٹوریج میں ان پھلوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی کے لیے ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، جبکہ کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پنجاب کا پہلا منڈی مارٹ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا، جسے جلد مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق متاثرین کے 65 ارب روپے کے بقایا جات جاری کرنے کو تیار ہے، طلال چودھری
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کھلے دودھ کی حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر ضابطہ کاری اور اقدامات کا حکم بھی دیا۔












