روم(پاک ترک نیوز)اٹلی کی دفاعی کمپنی نے دشمن کے حملہ آور ڈرونز کو نشانہ بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس جدید خودکار ہتھیاروں کا نظام تیار کر لیا، جس کا ڈنمارک میں کامیاب عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اطالوی کمپنی ڈوالے نے ڈنمارک کی مسلح افواج کے سامنے اپنے جدید نظام لائیویٹ ایم 4 کا عملی تجربہ کیا، جس میں فضائی اہداف کو خودکار انداز میں تلاش کرنے اور نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔
لائیویٹ ایم 4 میں بیک وقت 8 شاٹ گنز نصب ہیں، جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے بغیر پائلٹ ڈرونز کے خلاف دفاع کے لیے تیار کی گئی ہیں۔
یہ نظام ڈوالے اور اطالوی اسلحہ ساز کمپنی بینیلّی آرمز کے مشترکہ تحقیقی اور ترقیاتی منصوبے کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
جدید نظام میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے دشمن کے ڈرونز کی فوری شناخت اور ان کی پرواز کی سمت کا تعین کیا جاتا ہے۔ خودکار نگرانی کا نظام فضائی ہدف کی مسلسل نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے اور اسے نشانے پر برقرار رکھتا ہے۔
تاہم ہتھیار چلانے کا حتمی اختیار انسانی آپریٹر کے پاس ہوگا، جو ہدف کا جائزہ لینے کے بعد فائر کرنے کی اجازت دے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ نظام چھوٹے ڈرونز کے علاوہ ایسے خودکار ہتھیاروں کے خلاف بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جو اپنے ہدف کی تلاش کے بعد حملہ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات
لائیویٹ نظام کو مختلف دفاعی ضروریات کے مطابق تبدیل کیا جا سکتا ہے اور اسے اہم فوجی تنصیبات سمیت حساس مقامات کی حفاظت کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ڈنمارک میں کامیاب عملی مظاہرے کو مختصر فاصلے پر ڈرون حملوں کے خلاف جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔










