اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ کی اکتوبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق 2027 میں دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی دس معیشتوں میں سے پانچ مشرقِ وسطیٰ میں واقع ہوں گی۔ عراق، قطر اور کویت اقتصادی ترقی کی عالمی درجہ بندی میں پہلے تین نمبروں پر آنے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق عراق کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار، یعنی جی ڈی پی، میں 19 فیصد اضافے کا تخمینہ ہے، جبکہ قطر کی معیشت 18.8 فیصد اور کویت کی معیشت 17.1 فیصد ترقی کرسکتی ہے۔تیل کی پیداوار اور برآمدات میں متوقع بحالی کو مشرقِ وسطیٰ کی اقتصادی ترقی میں اہم قرار دیا گیا ہے۔ تاہم، ان پیش گوئیوں کا انحصار آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری تجارت کی بحالی پر بھی ہے، جس کے بارے میں توقع ہے کہ آمدورفت جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ سکتی ہے۔
فہرست میں جنوبی امریکا کے ملک گیانا کی معیشت 16.8 فیصد ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، جبکہ سوڈان کی معیشت میں 15 فیصد اور بحرین کی معیشت میں 13.9 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔یوگنڈا کی معیشت 9.9 فیصد، سعودی عرب کی 7.9 فیصد، ایتھوپیا اور گنی کی معیشتوں کی 7.8، جبکہ متحدہ عرب امارات کی معیشت کی 7.7 فیصد ترقی متوقع ہے۔
ویتنام کے لیے 7.5 فیصد، روانڈا کے لیے 7.2 فیصد، جبکہ بھارت، کرغزستان اور وینزویلا کے لیے 7 فیصد شرحِ نمو کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ بھوٹان کی معیشت 6.9 فیصد، بینن اور تاجکستان کی 6.8 فیصد، جبکہ نائجر کی معیشت 6.5 فیصد ترقی کرسکتی ہے۔












