اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان سے یورپ کی بڑی بندرگاہوں تک براہِ راست بحری رابطہ بحال کر دیا گیا ہے، جس سے پاکستانی برآمد کنندگان خصوصاً ٹیکسٹائل کے شعبے کو سامان کی ترسیل میں تاخیر اور بڑھتے ہوئے اخراجات سے کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کے مطابق بین الاقوامی بحری کمپنی ایم ایس سی نے برآمد کنندگان کے مطالبے پر اپنی مخصوص یورپی بحری سروس دوبارہ شروع کر دی ہے۔بحال کی گئی سروس کے تحت کراچی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل پر ہر ہفتے بحری جہاز لنگر انداز ہوں گے، جہاں سے سامان یورپ کی اہم بندرگاہوں تک پہنچایا جائے گا۔ ان بندرگاہوں میں فیلکس اسٹو، روٹرڈیم، ہیمبرگ، بریمر ہیون، اینٹورپ، لی ہاور اور لندن گیٹ وے شامل ہیں۔ یہ بحری رابطہ کولمبو کے راستے بھی یورپی منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کا پہلا جوہری طیارہ بردار بحری جہاز تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن
وفاقی وزیر نے کہا کہ بحری راستوں میں رکاوٹوں، خصوصاً بحیرہ احمر کی صورت حال کے باعث پاکستانی برآمد کنندگان کو یورپ اور امریکا کی منڈیوں تک سامان پہنچانے میں زیادہ وقت اور اضافی اخراجات کا سامنا تھا۔ان کے مطابق ٹیکسٹائل سمیت برآمدات سے وابستہ صنعتوں کے لیے مخصوص یورپی بحری سروس کی بحالی اہم پیش رفت ہے، جس سے سامان کی ترسیل کی منصوبہ بندی بہتر بنانے اور یورپی منڈیوں تک رسائی کے مزید مواقع ملیں گے۔وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں سامان کی منتقلی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور کراچی سے بحری رابطوں میں بہتری ملکی تجارت کے لیے اہم ہے۔












