ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے مشرقی سے مغربی علاقے تک جانے والی اہم تیل پائپ لائن کو حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر بند کردیا۔سعودی وزارت توانائی کے مطابق پائپ لائن پر عراق کی جانب سے ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد کسی ممکنہ نقصان سے بچنے اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بڑا ضافہ
ذرائع کے مطابق عراقی وزیراعظم کی درخواست پر سعودی عرب نے فی الحال جوابی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حملے کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔عراق نے سعودی عرب کے پائپ لائن عارضی طور پر بند کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔دوسری جانب عراقی وزیراعظم نے اعلیٰ فوجی کمانڈر کو عہدے سے برطرف کردیا، جبکہ ایران کی سرحد سے ملحق شلمچہ سرحدی گزرگاہ بھی بند کردی گئی ہے۔علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سکیورٹی سخت کردی گئی ہے، جبکہ ڈرون حملے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔












