واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکہ نے تیل کے بعد وینزویلا کے سونے اور نایاب دھاتوں کے ذخائر پر نظریں جما لیں ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے وینزویلا کے تیل کے بعد اب اس کے معدنی ذخائر، خصوصاً سونے تک بھی امریکی رسائی بڑھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔رائٹرز کے مطابق تین باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت وینزویلا کے کان کنی کے شعبے میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو تیل کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے لیے اہم معدنیات تک رسائی مل سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ معدنیات سے متعلق ممکنہ ایگزیکٹو آرڈر سمیت مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے، تاہم حکمت عملی ابھی حتمی نہیں ہوئی۔امریکی حکام نے وینزویلا کی کان کنی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کمپنیوں سے بھی رابطے کیے ہیں۔رائٹرز کے مطابق امریکا وینزویلا کے وسائل کو اپنے اقتصادی اور قومی سلامتی کے مفادات سے جوڑنے کی پالیسی پر آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ اس کا ایک مقصد خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اقتصادی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا بھی ہے۔رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے پاس سونے، لوہے، باکسائٹ اور نکل سمیت متعدد معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، تاہم ملک کے معدنی وسائل کا درست اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ بیشتر ارضیاتی اعداد و شمار پرانے ہیں، انفراسٹرکچر کمزور ہے اور بعض علاقوں میں غیر قانونی کان کنی بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہتھیار نہیں ڈالیں گے ،ایرانی صدر کا امریکا اور اسرائیل کو دوٹوک جواب
وینزویلا کے حکام نے اپریل میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے نئی کان کنی قانون سازی بھی منظور کی تھی۔












