اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، ایسے میں احتجاج، دھرنوں اور ہڑتالوں سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے اور ترسیلات زر میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی تجارت کے لیے بڑا چیلنج ہے، سپلائی چین میں خلل، مال برداری اور بیمہ اخراجات میں اضافے سے تجارت متاثر ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے نقصان کا خدشہ ہے، خدمات کے شعبے کو 86 ارب، صنعتی شعبے کو 25 ارب جبکہ محصولات کی مد میں 17 ارب روپے نقصان ہوسکتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں تعطل پاکستان کے لیے اپنے ہاتھوں سے پیدا کیا ہوا نقصان ہوگا، جبکہ دشمن قوتیں ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہیں۔












