اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان سے مختلف قوانین میں ایک سو چوہتر ترامیم کا مطالبہ کردیا، حکومت نے آئی ایم ایف کی مطلوبہ تمام ترامیم پارلیمنٹ کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔سیکرٹری خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تین جائزے مکمل ہوچکے ہیں اور پاکستان کو اب تک 4.1 ارب ڈالر موصول ہوچکے ہیں۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ٹیکس رعایتیں ختم اور ضمنی گرانٹس کے اجرا پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں دی جانے والی سبسڈیز بھی ختم کی جارہی ہیں۔
سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرض کے اہداف حاصل کرنے میں بڑی کامیابی نہیں مل سکی، جبکہ تعلیمی اخراجات سے متعلق آئی ایم ایف کے اہداف بھی حاصل نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ساورن ویلتھ فنڈ کا معاملہ بھی آئی ایم ایف مذاکرات میں شامل ہے، جبکہ ترمیمی قانون میں مشترکہ سرمایہ کاری کی اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔سیکرٹری خزانہ کے مطابق ایف بی آر افسران کے اثاثوں کی کچھ تفصیلات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو فراہم کرے گا۔ غیر معمولی اثاثے سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب افسران کے اثاثوں کی جزوی تفصیلات ظاہر کرنے کے معاملے پر حنا ربانی کھر اور نوید قمر نے تحفظات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی نیویارک میں آئی ایم ایف ایم ڈی سمیت عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں
حنا ربانی کھر نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کو تمام اثاثے ظاہر کرنا ہوتے ہیں، اس لیے افسران کے کچھ اثاثے پوشیدہ رکھنے کی وجہ بتائی جائے۔ انہوں نے افسران کے اثاثے ظاہر نہ کرنے سے متعلق سیکیورٹی تحفظات کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔سیکرٹری خزانہ کے مطابق پیر سے آئی ایم ایف وفد کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کا آغاز ہوگا۔












