نیویارک(پاک ترک نیوز )ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی آزاد فلسطین کی آواز بنے گا، جبکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ فلسطینی عوام کا مؤقف دنیا تک پہنچانا جاری رکھیں گے۔
ترک صدر نے کہا کہ ریاستِ فلسطین کو اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی بھاری اکثریت تسلیم کر چکی ہے، تاہم فلسطینی صدر محمود عباس مسلسل دوسرے سال جنرل اسمبلی کے اجلاس میں موجود نہیں ہیں۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی فلسطین کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے، اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے فلسطینی عوام کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی آزاد اور خودمختار ریاستِ فلسطین کی آواز بن کر بات کرے گا اور اقوام متحدہ میں فلسطین کا مؤقف مؤثر انداز میں اٹھاتا رہے گا۔
ترک صدر نے مسئلہ کشمیر کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔












