سیول : (پاک ترک نیوز)آپ موبائل کھولیں، اپنا کرپٹو اکاؤنٹ چیک کریں اور چند سیکنڈ میں کروڑ پتی نہیں بلکہ ارب پتی بن چکے ہوں۔ جنوبی کوریا میں بالکل یہی ہوا۔ دنیا کے مشہور کرپٹو ایکسچینج بٹ ہمب
کی ایک معمولی سی غلطی نے صارفین کو تقریبا 44 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائنز کا مالک بنا دیا۔
اصل میں کمپنی نے اپنے صارفین کو صرف 2 ہزار وون، یعنی تقریباً ڈیڑھ ڈالر بطور انعام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن ایک سنگین تکنیکی غلطی کے باعث، 2 ہزار وون کے بجائے صارفین کو 2، 2 ہزار بٹ کوائنز ٹرانسفر ہو گئے۔
چند لمحوں کے لیے درجنوں صارفین دنیا کے امیر ترین لوگوں میں شامل ہو گئے۔695 اکاؤنٹس میں اچانک بٹ کوائنز کی بارش ہو گئی، اور مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی۔
جیسے ہی کمپنی کو اپنی غلطی کا احساس ہوا، صرف 35 منٹ کے اندر تمام متاثرہ اکاؤنٹس سے ٹریڈنگ اور رقم نکالنے کی سہولت بند کر دی گئی۔
بٹ ہمب کے مطابق وہ 620,000 بٹ کوائنز میں سے 99.7 فیصد واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ یہ واقعہ کسی ہیکنگ یا سکیورٹی بریک کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ ایک اندرونی سسٹم ایرر تھا۔
اس کے باوجود، جنوبی کوریا کے مالیاتی ریگولیٹر نے ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے اور باضابطہ تحقیقات کا عندیہ دے دیا ہے۔ کمپنی نے متاثرہ صارفین کو 20 ہزار وون معاوضہ دینے، ٹریڈنگ فیس معاف کرنے اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے مشکوک لین دین کی نگرانی کا اعلان بھی کیا ہے۔ سوال یہ ہے: اگر ایک بٹن کی غلطی اربوں ڈالر ہلا سکتی ہے تو کرپٹو سسٹم واقعی کتنا محفوظ ہے؟












