راولپنڈی(پاک ترک نیوز) ) برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں برطانوی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے میں ناقص مرمت، پرزوں کی قلت اور ورکشاپس کی بندش کی تحقیقات شروع
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری تعلقات کے فروغ کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔












