واشنگٹن (پاک ترک نیوز)امریکا کے بڑے بینکوں کے آن لائن نظام میں اچانک تکنیکی خرابی نے ہزاروں صارفین کو پریشان کردیا، جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، ویلز فارگو اور دیگر بینکوں کی سروسز متاثر ہوئیں، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام بھی تعطل کا شکار ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیر کی دوپہر صارفین نے آن لائن بینکنگ میں مسائل کی شکایات درج کرانا شروع کردیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر چیس بینک، ویلز فارگو، یو ایس بینک اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم زیل سے متعلق شکایات سامنے آئیں۔
چیس بینک نے سوشل میڈیا پر تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اندرونی ہارڈویئر سسٹمز میں سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث بعض خدمات متاثر ہوئیں، جبکہ مالیاتی لین دین میں معمول سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ بینک نے سائبر حملے کے امکان کو مسترد کردیا۔
دوسری جانب یو ایس بینک کا کہنا ہے کہ اس کے اپنے سسٹمز براہ راست متاثر نہیں ہوئے، تاہم زیل کے ذریعے رقوم کی منتقلی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
نیٹ ورک مینجمنٹ کمپنی نیٹ باکس لیبز کے چیف ایگزیکٹو کرس بیورز نے بی بی سی کو بتایا کہ ایسے تعطل کی وجوہات میں پرانے ٹیکنالوجی نظام اور تیزی سے ہونے والی تبدیلیاں شامل ہوسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امتیاز اسلم کے بھائی اور اہل خانہ کا کالعدم کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
ان کے مطابق دنیا کے کئی اہم ڈیجیٹل نیٹ ورکس 30 سے 40 سال پرانے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے بڑھتے تقاضوں نے ان نظاموں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور تکنیکی تبدیلیوں کے دوران بھی خرابیوں کا خدشہ رہتا ہے۔
کرس بیورز نے خبردار کیا کہ بینکاری، فضائی سفر اور توانائی سمیت بنیادی شعبوں کے پرانے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر بڑھتے دباؤ کے باعث آنے والے مہینوں میں مزید بڑے تکنیکی تعطل سامنے آسکتے ہیں۔












