اسلام آباد ( پاک ترک نیوز)کائنات کتنی وسیع ہے؟ اس میں کتنی کہکشائیں موجود ہیں؟ اور کیا ہم اربوں سال پرانی کائنات کے ماضی میں جھانک سکتے ہیں؟ ان سوالات کے جواب تلاش کرنے کے لیے یورپی خلائی ادارے کی جدید دوربین ’’یوکلڈ‘‘ نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے ماہرینِ فلکیات کو حیران کردیا ہے۔یکم جولائی 2023 کو خلا میں بھیجی گئی یوکلڈ دوربین کا مشن کائنات کا اب تک کا سب سے بڑا اور تفصیلی نقشہ تیار کرنا ہے۔
یہ دوربین اپنے ایک منظر میں ہبل اور جیمز ویب خلائی دوربینوں کے مقابلے میں 100 گنا سے زیادہ آسمانی حصے کا مشاہدہ کرسکتی ہے۔ماہرین کے مطابق یوکلڈ روزانہ تقریباً 20 نئی تصاویر حاصل کرتی ہے اور اپنے چھ سالہ مشن کے دوران پوری کائنات کے تقریباً ایک تہائی حصے کا نقشہ تیار کرے گی۔اس مشن کا پہلا بڑا ڈیٹا سیٹ سامنے آچکا ہے، جس میں تقریباً 90 کروڑ کہکشاؤں اور 6 کروڑ کوئزارات کی معلومات شامل ہیں۔ ان تصاویر نے آسمان کے ایسے حصے کا احاطہ کیا ہے جو پورے چاند کے رقبے سے تقریباً 10 ہزار گنا بڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا انسان اب خلا سے آنے والی تباہی کو روک سکے گا؟
اس ڈیٹا کی وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس میں تقریباً ڈھائی ٹریلین پکسلز موجود ہیں، جبکہ اس کا مجموعی حجم 17 لاکھ گیگابائٹس ہے۔لیکن اس دریافت کا سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ یوکلڈ صرف موجودہ کائنات کی تصاویر نہیں لے رہی بلکہ سائنس دانوں کو اربوں سال ماضی میں جھانکنے کا موقع بھی دے رہی ہے۔
اس کے ڈیٹا میں ایسی کہکشاؤں کے شواہد بھی موجود ہیں جو اس وقت وجود میں تھیں جب کائنات کی عمر محض 70 کروڑ سال تھی، یعنی اپنی موجودہ عمر کا صرف پانچ فیصد!ماہرین اس ڈیٹا کی مدد سے کائنات کی تشکیل، کہکشاؤں کے ارتقا اور اس کے پھیلاؤ کے راز سمجھنے کی کوشش کریں گے۔












