لاہور (پاک ترک نیوز )پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارت کی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احمد شہزاد نے کہا کہ ٹورنامنٹ جیتنے پر بھارتی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، جبکہ پاکستانی انڈر 19 ٹیم نے بھی پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ جیت کا جشن خوشی اور مسرت کا اظہار ہونا چاہیے، اسے جارحیت اور غیر ضروری اشتعال انگیزی کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ نوجوان کھلاڑیوں کو یہ سکھانے کی ضرورت ہے کہ کھیل کی روح صرف جیت اور ہار تک محدود نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سینئر کھلاڑیوں کی بعض روایات نوجوانوں میں بھی منتقل ہو رہی ہیں، جنہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
احمد شہزاد نے زور دیا کہ کھیل کے میدان میں احترام، برداشت اور حقیقی کھیل کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ فخر کے ساتھ جیتیں اور بھرپور جذبے سے مقابلہ کریں، لیکن ہمیشہ کھیل اور حریف کا احترام کریں۔












