راولپنڈی ( پاک ترک نیوز) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 16 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ دو بہادر جوان وطن پر قربان ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں کی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ علی خیل میں 12 خوارج مارے گئے، جن میں دو افغان باشندے بھی شامل ہیں، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں دو، دو خوارج ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 13 سال میں خیبر پختونخوا کو بے دردی سے لوٹا گیا: فیصل کریم کنڈی
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ 43 سالہ حوالدار عصمت علی کا تعلق صوابی جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔بیان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور باقی ماندہ خوارج کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔












