ٹوکیو(پاک ترک نیوز)حکومتِ جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لیے 43 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا۔ گرانٹ سے 2027 کی انسدادِ پولیو مہمات کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدی جائیں گی۔
این ای او سی کے مطابق جاپان کی یہ معاونت پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس کا پھیلاؤ تاحال جاری ہے، جبکہ رواں سال ملک بھر میں پولیو کے 9 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 4 کا تعلق جنوبی خیبر پختونخوا سے ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے جاپان کے مسلسل تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی معاونت ایسے اہم وقت میں فراہم کی جا رہی ہے جب پاکستان پولیو کے خاتمے کی کوششیں تیز کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک منزل کے مزید قریب لے جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان آمد متوقع
پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پیرنیلا آئرن سائیڈ نے بھی جاپان کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون ویکسینیشن مہمات کے معیار اور تسلسل کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ جاپان 1996 سے پاکستان کی انسدادِ پولیو کوششوں میں معاونت کر رہا ہے۔












