اسلام آباد(پاک ترک نیوز)اسلام آباد کے جناح کنونشن میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم ہوا جس میں چاروں صوبوں کی قیادت نے معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیا ، بلوچستان میں سرمایہ کاروں کو تحفظ دینے کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کرنے کا اعلان کیا گیا، وفاقی اور صوبائی قیادت نے معدنی شعبے میں ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو آگے آنے کی دعوت دے دی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے، جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ سندھ میں معدنی وسائل کی تلاش اور بہتر استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق تھر کا کوئلہ سندھ کا سب سے بڑا معدنی خزانہ ہے، جبکہ صوبے میں کوئلے کے علاوہ 27 اقسام کی معدنیات کی نشاندہی اور ابتدائی جائزے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ تھرپارکر میں گرینائٹ کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جبکہ چونا پتھر، سنگ مرمر، جپسم، چائنا کلے، نمک اور سلیکا ریت سمیت متعدد معدنیات بھی پائی جاتی ہیں۔ ان وسائل کو توانائی، صنعت اور معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لانا چاہتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو سیاحت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں معدنی شعبے کے ساتھ سیاحت کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں اور جلد ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم سمیت کئی علاقوں میں بارش ،پنجاب میں سموگ ،لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان خوبصورت اور معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے۔ منرل کوریڈور کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا بلوچستان ایک مختلف بلوچستان ہے اور سرمایہ کار مکمل اعتماد اور تحفظ کے ساتھ سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بھی معدنی وسائل کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔
فورم سے سیکریٹری پٹرولیم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے۔
پاکستان کے قدرتی خزانوں کو سرمایہ کاری، صنعت اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے کا یہ فورم ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اب اصل امتحان ان اعلانات کو عملی منصوبوں، شفاف پالیسیوں اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا ہے۔












