اسلام آباد(ہاک ترک نیوز ) پاکستان کی سب سے بڑی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کو بارگزئی آئل فیلڈ سے مکمل پیداواری صلاحیت حاصل کرنے میں بنیادی ڈھانچے کی رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کے باعث پیداوار بڑھانے کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔عارف حبیب لمیٹڈ کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق کمپنی انتظامیہ نے جمعے کو مالی سال 2026 اور مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی کی مالی کارکردگی سے متعلق بریفنگ میں ان مشکلات سے آگاہ کیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بارگزئی فیلڈ میں مزید کنویں کھودنے کا منصوبہ ہے، تاہم پیداوار میں اضافے کا انحصار لاشاری میں پیداواری تنصیبات کی استعداد سے متعلق مسائل حل کرنے پر ہوگا۔بریفنگ میں راجیاں آئل فیلڈ کی پیداواری صلاحیت بھی زیر بحث آئی، جہاں سے روزانہ 8 ہزار سے 10 ہزار بیرل تیل حاصل ہونے کی توقع ہے۔ تاہم اس فیلڈ سے نکلنے والا خام تیل نسبتاً بھاری ہے، جس کی اے پی آئی گریویٹی 11 سے 12 ڈگری ہے۔ اس لیے بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کرنے سے قبل ریفائنریوں اور سپلائرز کے ساتھ ضروری انتظامات کرنا ہوں گے۔ کمپنی کو آئندہ 12 سے 18 ماہ میں اس حوالے سے پیشرفت کی توقع ہے۔سرمایہ کاری کے منصوبوں کے تحت او جی ڈی سی ایل آئندہ دو برسوں کے دوران سالانہ 100 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی اخراجات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم ٹینڈرز اور رسد کی لاگت کے باعث حقیقی اخراجات میں 25 فیصد تک فرق آسکتا ہے۔کمپنی کو قدرتی طور پر تیل و گیس کے ذخائر میں سالانہ تقریباً 16 فیصد کمی، عملیاتی مشکلات اور پائپ لائنوں میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، اس کے باوجود مالی سال 2027 کے لیے تیل اور گیس کی پیداوار میں سالانہ 8 سے 10 فیصد اضافے کا ہدف برقرار رکھا گیا ہے۔او جی ڈی سی ایل نے روایتی تیل و گیس کے علاوہ متبادل توانائی، زیرزمین حرارت اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری بڑھانے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کے وہید بخش ون جیوتھرمل کنویں کی ابتدائی جانچ میں لیتھیم کی مقدار عالمی معیارات سے زیادہ سامنے آئی ہے، جس کے بعد اس کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس مقصد کے لیے او جی ڈی سی ایل نے انسٹیک کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے تحت ممکنہ کنوؤں کی نشاندہی، ذخائر کی نقشہ بندی اور نمونوں کی جانچ کی جائے گی۔ ابتدائی نتائج آئندہ تین ماہ میں سامنے آنے کی توقع ہے۔دوسری جانب کمپنی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ترک پٹرولیم بھی او جی ڈی سی ایل کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں شامل ہوگئی ہے، جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں زلزلہ جاتی سروے شروع ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات مالی بحران کا شکار، وفاق سے 18 ارب روپے کا خصوصی پیکج مانگ لیا
یہ پیشرفت ملکی تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے، نئے ذخائر کی تلاش اور توانائی کے متبادل وسائل سے استفادے کے لیے او جی ڈی سی ایل کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔












