پشاور(پاک ترک نیوز )اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واردات میں ملوث چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی جبکہ مرکزی ملزم کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے ملزمان کی جائے وقوعہ تک آمد، علاقے میں نقل و حرکت اور واردات کے بعد فرار ہونے کے راستوں کا بھی پتا لگا لیا ہے۔تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول عموماً بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آیا کرتے تھے، تاہم واردات کے روز ان کے اکیلے دفتر آنے کا حملہ آوروں نے فائدہ اٹھایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے واردات سے قبل متعدد مرتبہ علاقے کی ریکی کی اور مقتول کا یونیورسٹی ٹاؤن سے تعاقب بھی کیا۔ واردات میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان ملوث تھے، جس کی تصدیق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوئی ہے۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں آزادی صحافت پر طالبان کی پابندیاں، 77 سے زائد صحافی گرفتار
ابتدائی تفتیش کے مطابق فہد خان کا قتل دیرینہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔












