کابل(پاک ترک نیوز ) افغانستان میں طالبان حکومت کے دور میں آزادی صحافت پر قدغنوں، صحافیوں کی گرفتاریوں، تشدد اور دھمکیوں کے واقعات میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔
عالمی ادارے رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی تحقیقاتی رپورٹ میں افغان صحافیوں کے خلاف منظم جبر، نگرانی اور سنسرشپ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے حق میں پروپیگنڈا کرنے اور مخالفین کو بدنام کرنے کے لیے تقریباً 1500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق طالبان انٹیلی جنس کا ڈائریکٹوریٹ 015 صحافیوں کی نگرانی، انہیں دھمکانے اور گرفتار کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آن لائن پروپیگنڈا مہمات چلانے اور سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ 015 کو 7 کروڑ افغانی سے زائد کا بجٹ فراہم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2021 سے اب تک 77 سے زائد افغان صحافی گرفتار کیے جا چکے ہیں، جنہیں بلاجواز قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کا لندن میں انتقال
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت آزاد صحافت کو محدود کرکے میڈیا اداروں کو حکومتی مؤقف کی تشہیر اور پروپیگنڈے کا ذریعہ بنانا چاہتی ہے۔












