واشنگٹن (پاک ترک نیوز )فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم میں مبینہ امریکی معاونت کے الزامات پر امریکی شہریوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے خلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہریوں کا ایک وفد عالمی فوجداری عدالت میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے خلاف شواہد پیش کرے گا اور دونوں کے گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کرے گا۔
درخواست کے ساتھ غزہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے حلفیہ بیانات، عینی شاہدین کی گواہیاں اور اسرائیلی کارروائیوں سے متعلق ویڈیوز بھی جمع کرائی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی شہریوں کا وفد 11 نومبر کو نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ پہنچے گا، جہاں امریکی حکام کے خلاف الزامات کے حوالے سے پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔












