ہالی ووڈ ( پاک ترک نیوز) ہالی ووڈ فلم ’’دی ڈارک نائٹ‘‘ میں بیٹ مین کے زیرِ استعمال رہنے والی مشہور موٹر سائیکل ’’بیٹ پوڈ‘‘ نیلامی کے لیے پیش کردی گئی، جس کی قیمت 9 لاکھ برطانوی پاؤنڈ تک لگنے کا امکان ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق کرسٹوفر نولان کی آسکر ایوارڈ یافتہ 2008 کی فلم میں استعمال ہونے والی یہ موٹر سائیکل دسمبر میں ہونے والی نیلامی کے اہم ترین سامان میں شامل ہے۔ نیلامی 4 سے 6 دسمبر تک آن لائن اور لندن میں برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس، یعنی بافٹا، میں ہوگی۔
بیٹ پوڈ فلم کے ایک مشہور تعاقب کے منظر میں دکھائی گئی تھی، جس میں کرسچن بیل نے بیٹ مین جبکہ ہیتھ لیجر نے جوکر کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ موٹر سائیکل 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دی ڈارک نائٹ رائزز‘‘ میں بھی نظر آئی تھی۔ نیلامی میں اس کی متوقع قیمت 4 لاکھ 50 ہزار سے 9 لاکھ پاؤنڈ کے درمیان ہے۔اسی نیلامی میں فلم ’’بیٹ مین بِگنز‘‘ میں کرسچن بیل کا مکمل بیٹ سوٹ بھی فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، جس کی قیمت ایک لاکھ 25 ہزار سے ڈھائی لاکھ پاؤنڈ تک لگنے کا تخمینہ ہے۔نیلامی میں فلم ’’انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم‘‘ کے ملبوسات اور دیگر اشیا بھی شامل ہیں، جن میں انڈیانا جونز کی مشہور ہیٹ بھی موجود ہے۔ یہ سامان معروف اسٹنٹ مین وک آرمسٹرانگ کے ذاتی ذخیرے سے حاصل کیا گیا ہے، جنہوں نے انڈیانا جونز کی ابتدائی تین فلموں میں ہیریسن فورڈ کے اسٹنٹ ڈبل کے طور پر کام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 2030 فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل پر اسپین اور مراکش میں اختلاف
اس کے علاوہ ’’گیم آف تھرونز‘‘، ’’سپرمین تھری‘‘ اور ’’کونن دی باربیرین‘‘ سے متعلق اشیا بھی نیلامی کا حصہ ہوں گی۔












