بیجنگ ( پاک ترک نیوز ) فضا میں دشمن کا میزائل… اچانک راستہ تبدیل… رفتار تیز… اور ہدف کی جانب تیزی سے بڑھتا ہوا! لیکن کیا ہوگا اگر سامنے ایسا دفاعی نظام موجود ہو جو چند سیکنڈ میں فیصلہ کرکے میزائل کو فضا ہی میں تباہ کردے؟چین نے اپنے جدید فضائی دفاعی نظام ایچ کیو 9 بی کے نئے تجربے میں ایسا ہی مظاہرہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بیلسٹک میزائل ہو یا اچانک سمت بدلنے والا ہدف، چینی دعوے کے مطابق دفاعی نظام نے دونوں کو نشانہ بنا لیا!
یہ کوئی عام میزائل تجربہ نہیں تھا، بلکہ اصل امتحان تھا رفتار، مہارت اور چند سیکنڈ میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت کا!چین کے سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی کے مطابق سینٹرل تھیٹر کمانڈ ایئر فورس کی شین وے میزائل بٹالین نے ایچ کیو 9 بی نظام کے ذریعے دو مختلف نوعیت کے میزائل اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا۔تجربے کے دوران ایک میزائل اچانک اپنی سمت تبدیل کرکے تیزی سے نیچے کی طرف آنے لگا۔ خطرے کی گھنٹی بجی، اہلکار حرکت میں آئے اور چند ہی سیکنڈ میں انٹرسیپٹر میزائل فائر کردیا گیا۔ نتیجہ؟ چینی رپورٹ کے مطابق ہدف فضا میں ہی تباہ ہوگیا!بٹالین کے اہلکار شی شیدونگ کہتے ہیں کہ ایسے موقع پر ایک یا دو سیکنڈ کی تاخیر بھی ہدف کو روکنے کا موقع چھین سکتی ہے۔اور حیران کن بات یہ ہے کہ چینی اہلکار کے مطابق اعلیٰ کمان سے ہدف کی اطلاع ملنے سے لے کر اسے تباہ کرنے تک کا عمل بعض اوقات صرف دو منٹ میں مکمل ہوجاتا ہے۔
لیکن اس نظام کی اصل طاقت کیا ہے؟
فوجی مبصر سونگ ژونگ پنگ کے مطابق ایچ کیو 9 بی میں ایکٹو ریڈار اور انرشیل گائیڈنس کا امتزاج استعمال ہوتا ہے۔ اس کا دفاعی میزائل بدلتی ہوئی سمت کے مطابق اپنی پرواز بھی تبدیل کرسکتا ہے، جبکہ تھرسٹ ویکٹر کنٹرول اسے تیزی سے رخ بدلنے میں مدد دیتا ہے۔
یعنی اب مقابلہ صرف میزائل کی رفتار سے نہیں، بلکہ اس بات سے بھی ہے کہ دفاعی نظام دشمن کے اگلے قدم کا کتنی تیزی سے اندازہ لگاتا ہے!
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایس ڈی پی اوز کے لیے روزانہ عوامی اوقات مقرر
اور سب سے بڑا سوال… کیا ہائپرسونک میزائل بھی روکے جا سکتے ہیں؟
چینی فوجی ماہرین کے مطابق ایچ کیو 9 بی اور ایچ کیو 9 سی جیسے نظاموں کے ذریعے ہائپرسونک ہتھیاروں کو روکنے کے امکانات موجود ہیں، لیکن یہ میزائل کی رفتار، پرواز کے راستے اور اسے بروقت ریڈار پر پکڑنے کی صلاحیت پر منحصر ہوگا۔
چین 2025 کی فوجی پریڈ میں ایچ کیو 9 بی، ایچ کیو 9 سی، ایچ کیو 19 اور ایچ کیو 29 سمیت جدید دفاعی نظام بھی پیش کرچکا ہے۔












