اسلام آباد(پاک ترک نیوز)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو اسٹاک کے شعبے اور منہ کھر بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے تکنیکی تعاون پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ترکیہ کی تکنیکی معاونت سے پاکستان منہ کھر بیماری سے بچاؤ کی ویکسین مقامی سطح پر تیار کرے گا، جس سے جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانے اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں لائیو اسٹاک کی ترقی، ویکسین کی مقامی تیاری اور تکنیکی تربیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مجوزہ پروگرام کے تحت 100 پاکستانی افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی، جس کے پہلے مرحلے میں 30 افراد کو ترکیہ بھیجا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان
اس تعاون سے پاکستان میں ویکسین کی مقامی پیداوار، جانوروں کی بہتر صحت اور بیماری سے پاک زونز کے قیام میں مدد ملے گی، جبکہ گوشت کی برآمدات بڑھانے کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔












