ایبٹ آباد ( پاک ترک نیوز) ایبٹ آباد میں ہزارہ موٹروے پر حویلیاں کے قریب مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ ٹائر پھٹنے کے باعث ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی، جاں بحق افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال جبکہ زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔گورنر نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور جاں بحق افراد کی مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔






