اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کردی۔ کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے 20 جنوری کے بعد انتخابات کرانے اور موسم و انتظامی سہولت کے پیش نظر مرحلہ وار پولنگ کی استدعا منظور کرلی۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ مختصر حکم نامے کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب حکومت کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان باہمی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 سے جنوری 2027 کے دوران کرانے پر اتفاق ہوا تھا۔چیف سیکرٹری نے استدعا کی تھی کہ انتخابات کی تاریخ ترجیحاً 20 جنوری 2027 کے بعد مقرر کی جائے، جبکہ موسم اور انتظامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ مرحلہ وار کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل روک دیا گیا
الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کی درخواست مفادِ انصاف میں منظور کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات ایمانداری، شفافیت، منصفانہ انداز اور قانون کے مطابق کرانا، جبکہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے سیکرٹریٹ کو فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ضروری فالو اپ کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔












