اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا جاری عمل تاحکمِ ثانی روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کے 4 نومبر کے حکم نامے کے بلدیاتی انتخابات پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے حکم نامے کے تحت خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیا گیا ہے، جو صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے۔
کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کی ذیلی شق 2 کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے نئے حکم نامے کا اطلاق پہلے سے مخصوص اضلاع کے علاوہ خیبر پختونخوا کے دیگر تمام اضلاع پر بھی کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، سری لنکا ٹیسٹ سیریز: راولپنڈی ٹیسٹ کے ٹکٹ کل سے فروخت ہوں گے
الیکشن کمیشن کے مطابق حکم نامے کے باعث صوبے کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا، جس کے پیش نظر کمیشن نے انتخابی عمل کے سلسلے میں اب تک کیے گئے تمام اقدامات روک دیے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل تاحکمِ ثانی معطل رہے گا۔












