انقرہ ( پاک ترک نیوز) قبرص میں خشک سالی اور پانی کی قلت شدت اختیار کرنے لگی، یونانی قبرصی انتظامیہ نے 2027 میں پانی کے بنیادی ڈھانچے اور فراہمی کے منصوبوں کے لیے تقریباً 23 کروڑ یورو مختص کرنے کی تیاری کرلی، جبکہ ترکیہ کی زیرِ سمندر پائپ لائن شمالی قبرص کو مسلسل پانی فراہم کر رہی ہے۔یونانی قبرصی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام پینے کے پانی اور زرعی آبپاشی کے کم از کم 65 منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ مجوزہ بجٹ میں سے 15 کروڑ 80 لاکھ یورو سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔
یونانی قبرصی وزیر زراعت کرسٹوس سینی کس کے مطابق پانی کے شعبے کے لیے مجوزہ بجٹ میں 2026 کے مقابلے میں تقریباً 3 کروڑ یورو اضافہ کیا گیا ہے۔ حکام 15 بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے کے علاوہ موجودہ ڈی سیلینیشن پلانٹس بھی فعال رکھیں گے۔دوسری جانب ترکیہ 2015 سے زیرِ سمندر پائپ لائن کے ذریعے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کو تازہ پانی فراہم کر رہا ہے۔ ترکیہ میں اسے ’’صدی کا منصوبہ‘‘ قرار دیا جاتا ہے، جس کا افتتاح صدر رجب طیب اردوان نے 17 اکتوبر 2015 کو کیا تھا۔اس منصوبے کے تحت ترکیہ کے صوبے مرسین کے علاقے انامور میں واقع الا کوپرو ڈیم سے بحیرہ روم کے نیچے پائپ لائن کے ذریعے پانی شمالی قبرص کے گچیت کوئے ڈیم تک پہنچایا جاتا ہے۔تقریباً 80 کلومیٹر طویل زیرِ سمندر پائپ لائن کی سالانہ پانی منتقل کرنے کی گنجائش 7 کروڑ 50 لاکھ مکعب میٹر ہے، جس میں سے تقریباً 3 کروڑ 77 لاکھ 60 ہزار مکعب میٹر پانی پینے، گھریلو اور صنعتی ضروریات کے لیے جبکہ 3 کروڑ 72 لاکھ 40 ہزار مکعب میٹر زرعی آبپاشی کے لیے مختص ہے۔
ترکیہ نے مناسب سیاسی حالات میں اس منصوبے کے فوائد پورے جزیرے تک پھیلانے کی پیشکش بھی کر رکھی ہے، تاکہ پانی کی فراہمی دونوں حصوں کے درمیان تعاون کا ذریعہ بن سکے۔شمالی قبرص کے وزیراعظم اونال اوسٹیل نے بھی پانی اور قدرتی گیس کے شعبوں میں یونانی قبرصی قیادت کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی قبرصی انتظامیہ کے لیے پانی اور قدرتی گیس کے معاملات میں تعاون کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ادھر ترکیہ اور شمالی قبرص کے درمیان قدرتی گیس کی فراہمی کے لیے بھی منصوبہ بندی جاری ہے۔ مجوزہ پائپ لائن تقریباً 101 کلومیٹر طویل ہوگی، جو ترکیہ کے ساحلی علاقے انامور کو شمالی قبرص کے ٹیکنیک بندرگاہ سے ملائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اس منصوبے میں دو طرفہ گیس کی ترسیل کی صلاحیت رکھنے والی پائپ لائنیں شامل ہیں، جن کے ذریعے ترکیہ سے شمالی قبرص گیس پہنچانے اور مستقبل میں جزیرے سے حاصل ہونے والی گیس ترکیہ اور ممکنہ طور پر یورپ تک منتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔












