لاہور( پاک ترک نیوز) کھیلوں میں دیگر ممالک کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والا بھارت روز بروز اپنے کیے پر ہزیمت اٹھانے لگا۔
سابق آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معاملات میں بھارتی اثر و رسوخ اور سیاسی مداخلت بے نقاب کردی۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں سابق میچ ریفری کرس براڈ نے بتایا کہ بھارت کے خلاف کوڈ آف کنڈکٹ کے معاملے پر ہاتھ ہلکا رکھنے کو کہا گیا تھا۔
سابق میچ ریفری نے بتایا کہ ایک میچ میں بھارتی ٹیم پر سلو اوور ریٹ کا لگنا تھا لیکن مجھے ایک فون کال موصول ہوئی اور کہا گیا کہ ہاتھ ہلکا رکھو اور کوئی حل نکالو، کیوں کہ یہ بھارت ہے۔
کرس براڈ نے بتایا کہ انہوں نے ٹائم کیلکولیشن میں ایڈجسٹمنٹ کرکے بھارت کو فائن لگنے سے بچایا۔
سابق میچ ریفری کے مطابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی نے آفیشلز کی ایک نہ سنی اور اگلے میچ میں دبارہ وہی حرکت کی اور میں نے جب پوچھا کہ اب کیا کرنا ہے، تو کہا گیا کہ صرف گنگولی کو سزا دیں۔
کرس براڈ نے کہا کہ کھیل میں کافی سیاست شامل ہے، اب لوگ سیاسی پیچیدگیاں سمجھ کر فیصلے کرتے، سارا پیسہ بھارت کے پاس ہے، اس نے عملی طور پر آئی سی سی پر قابو کرلیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وہ اب آئی سی سی میچ آفیشلز کا حصہ نہیں کیوں کہ یہ کافی حد تک سیاسی پوزیشن ہوگئی ہے۔












