ریاض (پاک ترک نیوز )سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی افواج نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے جانے والے ۲ بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
ترجمان سعودی اتحادی افواج کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے یہ میزائل داغے گئے تھے، جنہیں ایئر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ ریاض کے ایک رہائشی علاقے میں گرا، جس کی زد میں آ کر ایک شہری زخمی ہو گیا جبکہ ایک گھر اور گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے
سعودی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر حفاظتی اقدامات مکمل کیے اور زخمی شہری کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری عسکری تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔











