واشنگٹن (پاک ترک نیوز)امریکی دفاعی کمپنی ایل تھری ہیرس ڈرون طیاروں اور دیگر فضائی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والا میزائل تیار کر رہی ہے، جسے موجودہ میزائل داغنے والے نظاموں سے استعمال کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
کمپنی کو منصوبے کی تیاری اور پروازی کارکردگی کی آزمائش کے لیے تین سالہ معاہدہ ملا ہے، جس کی مالیت چھ کروڑ امریکی ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جس میں مکمل میزائل کی پروازی کارکردگی جانچی جائے گی۔
نئے میزائل میں ایسا انجن استعمال کرنے کی منصوبہ بندی ہے جو ایندھن جلانے کے لیے فضا سے آکسیجن حاصل کرتا ہے۔ اس طریقے سے ایندھن کی بچت اور ہدف کو زیادہ فاصلے پر نشانہ بنانے کی صلاحیت بہتر ہونے کی توقع ہے۔ میزائل میں ہدف کی شناخت اور اس کا تعاقب کرنے والی جدید ٹیکنالوجی بھی شامل ہوگی۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مجوزہ میزائل موجودہ نظاموں کے مقابلے میں زیادہ رفتار، زیادہ فاصلے تک رسائی اور مختلف فضائی خطرات سے نمٹنے میں بہتر سہولت فراہم کرسکے گا۔












