منڈی بہاؤالدین(پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منڈی بہاؤالدین آمد پر مختلف مقامات پراستقبال کیا گیا۔ شہریوں، بچوں،نوجوانوں، تاجروں اور مسیحی برادری کے افراد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خیرمقدم کیا، جبکہ ڈھول کی تھاپ پر بھی استقبال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر شہر کے مختلف چوکوں اور سڑکوں کے اطراف شہری جمع ہوئے۔ بچوں اور نوجوانوں نے ہاتھوں میں پھول، خیرمقدمی بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ بعض بچے وزیراعلیٰ کی گاڑی کے ساتھ خوشی کا اظہار کرتے اور رقص کرتے دکھائی دیے۔
کنگ چوک، پرانا لاری اڈہ، چیمہ چوک، صدر بازار، کچہری روڈ، غلہ منڈی، علوی چوک، کالج چوک اور ریلوے روڈ سمیت مختلف مقامات پر وزیراعلیٰ کا استقبال کیا گیا۔
صدر بازار پہنچنے پر دکانداروں نے چھتوں سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، جبکہ ڈاک خانہ روڈ پر بچوں اور بچیوں نے پھول پھینک کر خیرمقدم کیا۔ گلاب کی پتیوں سے وزیراعلیٰ کی گاڑی بھی ڈھک گئی۔
کچہری بازار میں شہریوں، دکانداروں اور بچوں کی بڑی تعداد استقبال کے لیے موجود تھی۔ مختلف مقامات پر وزیراعلیٰ کے خیرمقدمی بینرز اور قدآدم پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے تھے۔
غلہ منڈی میں بچیوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اپنے پنسل اسکیچز پر آٹوگراف لیے، جبکہ رسول روڈ پر مدرسے کے طلبہ بھی پھول لے کر خیرمقدم کے لیے موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سلامتی کونسل میں ویٹو پاور میں توسیع کی مخالفت کردی
اس موقع پر مسیحی برادری کے بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں نے بھی وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ شہر میں مختلف مقامات پر شہریوں کی آمد اور خیرمقدمی سرگرمیاں توجہ کا مرکز رہیں۔












