لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کی مناسبت سے 21ویں قومی یومِ استقامت کے موقع پر زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر فرد آج بھی اس غیر معمولی زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے دکھ کو محسوس کرکے افسردہ ہے۔ قیامت خیز گھڑی میں پاکستانی قوم کی ہمدردی، ایثار اور احساس کا جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زلزلے اور سیلاب کے دوران عوام کا اتحاد، یکجہتی، ثابت قدمی اور حوصلہ مندی قومی کردار کا قابلِ فخر مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب، زلزلوں اور اسموگ سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بروقت تیاری کے ذریعے قدرتی آفات سے انسانی جان و مال اور ماحول کو ہونے والے تباہ کن نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا اور سب سے بڑا ریسکیو، امدادی اور انخلا کا آپریشن کیا۔ پنجاب کو لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ لاکھوں مویشیوں کو بھی محفوظ بنانے کا اعزاز حاصل ہوا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک اور سرگرمِ عمل ہیں۔
ان کے مطابق قدرتی آفات کے دوران جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔












