کراچی(پاک ترک نیوز ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا عالمی ضمیر اور انصاف کے دعوؤں پر مسلسل سوالیہ نشان ہے۔ مقبوضہ کشمیر محض ایک خطہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت اور مستقبل کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی عزتِ نفس اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے بنیادی حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور خطے میں پائیدار امن کے تناظر میں اجاگر کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل میں پارلیمنٹ کی120نشستوں پر پولنگ ،الیکشن نیتن یاہوکیلئے بڑا چیلنج
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے یومِ سیاہ کشمیر پر پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے لیے کشمیری عوام کی تاریخی جدوجہد اور لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ سری نگر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا، جو خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی امید بنے گا۔












