اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے جڑواں شہروں میں کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ تیار کر لی، مئی سے ستمبر تک 16 کارروائیوں میں 646 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 12 کارروائیوں کے دوران 595 جبکہ راولپنڈی میں چار کارروائیوں کے دوران 51 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔این سی سی آئی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین تھری سے 254 اور سپارکو پلازہ سے 174 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کارروائیاں ایف ایٹ، گلبرگ گرینز، آئی نائن، جی ایٹ، ای الیون اور ایف ٹین سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے یورپ اور امریکی شہروں تک پہنچنے والے میزائل تیار کر لیے،ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈیجیٹل ڈیوائسز، موبائل فونز اور لیپ ٹاپس بھی برآمد کیے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کال سینٹرز کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔این سی سی آئی اے کی جانب سے تیار کردہ کارروائیوں کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی۔












