اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کو پاکستان میں پہلی بار بوئنگ 787 طیارہ چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ ہوا بازی کے حکام نے طیارے کا معائنہ مکمل کرنے کے بعد آپریشن کی منظوری دی۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کی سربراہی میں وفد نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے ہوائی اڈے پر طیارے کا معائنہ کیا، جس کے بعد اسے آپریشن میں شامل کرنے کی اجازت دی گئی۔رپورٹ کے مطابق دوسرے بوئنگ 787 طیارے کا معائنہ بھی اوسلو ایئرپورٹ پر کیا جائے گا، جبکہ تیسرے طیارے کا معائنہ 20 نومبر کو لندن ایئرپورٹ پر شیڈول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی موٹرویز اور بڑی شاہراہوں پر ہر 50 کلومیٹر بعد ای وی فاسٹ چارجرز لگانے کا منصوبہ
پی آئی اے کی پہلی بوئنگ 787 پرواز 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہونے کا منصوبہ ہے۔ پرواز پی کے 786 کے یکم نومبر کو مسافروں کے ساتھ اسلام آباد پہنچنے کی توقع ہے۔نئے طیارے کے آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی ایئرلائن اپنے عملے کے لیے نئی یونیفارم بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔












